
واشنگٹن(آئی پی ایس)ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈپرائس نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان پر پاکستان کے فضائی حملوں سے آگاہ ہے اور ہم پاکستان کو ایک اہم شراکت دار طور پر دیکھتے ہیں ۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان پر پاکستان کے فضائی حملوں کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، صحافی کے سوال پر نیڈ پرائس نے کہا کہ ان حملوں پر تبصرے کیلئے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیجئے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ محفوظ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے امریکا پاکستان کو اہم شراکت دار اور اہم ساتھی کی نظر سے دیکھتا ہے۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ افغانستان پر پاکستان کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، خصوصاً ایسے افغانستان کے لیے جو اپنے شہریوں بشمول اقلیتوں، خواتین اور بچیوں کے بنیادی حقوق کی عزت کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا تعلق تقریباً 75 برس سے اہم رہا ہے۔نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر کام کرنے کے متمنی ہیں، مل کر کام کرنے سے پاکستان اور خطے میں امن و خوشحالی ممکن ہے۔