
لاہور(آئی پی ایس) نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چوہدری پرویزالٰہی نے ایوان کو بے وقار کیا ، پنجاب اسمبلی میں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، چار سالوں میں نئے پاکستان کے خواب دکھائے گئے لیکن صوبے میں صرف کرپشن ہوئی۔
یہ بات حمزہ شہبازنے علیم خان کی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق ، ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ ، خواجہ عمران نذیر اور اویس لغاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے انتقام کا صفحہ پھاڑدیا ہے، قانون اپنا راستہ خود لے گا، پرویز الہٰی ہنگامہ آرائی کیلئے لوگوں کو اکسا رہے تھے، اسمبلی میں سیکیورٹی کے روپ میں غنڈے بھرتی کیے گئے تھے۔
انہوںنے کہا کہ پرویز الہٰی نے اسمبلی کو بے وقار کیا، میڈیا نے پرویز الہٰی کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا، علیم خان کے ساتھ بھی دھوکہ ہوا لیکن علیم خان اصولی مؤقف پر ڈٹے رہے۔ انہوں ںے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر پہاڑ جیسے مسائل حل کریں گے۔اس موقع پر علیم خان نے کہا کہ گھر تشریف لانے پر حمزہ شہباز کا مشکور ہوں، امید ہے آنے والا دن اچھا ہوگا، امید ہے حمزہ شہباز کی قیادت میں صوبے کے مسائل حل ہوں گے۔