
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کی انتظامیہ نے اسلام آباد شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔
اس ضمن میں پانی کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے سی ڈی اے کے شعبہ واٹر سپلائی نے واٹر ٹینکرز کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ کیونکہ موسم گرما میں واٹر ٹینکرز کے زریعے سے پانی کی کمی کو پورا کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو موسم گرما میں پانی کی کمی کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس سلسلے میں سی ڈی اے کے شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے غیر فعال واٹر ٹینکرز کو آن روڈ کرنے کے لئے تقریبا چار ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور جلد ہی ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس رقم سے واٹر ٹینکرز کے ٹائرز، ٹیوبز اور فلپرز سمیت دیگر ضروری مرمتی سپیئر پارٹس کی مرمت اور تبدیلی کو یقینی بنایا جائے گا اور جلد ہی غیر فعال واٹر ٹینکرز کو آن روڈ کردیا جائے گا جس سے واٹر سپلائی ونگ کی کارکردگی میں مزید اضافہ ممکن ہوگا۔واضح رہے ان اقدامات کا مقصد واٹر سپلائی ونگ کی کارکردگی میں اضافہ کرنا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ کرنا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔