
اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کا حلف اٹھالیا،وزیراعظم شہبازشریف سمیت اراکین اسمبلی کی نومنتخب سپیکر کو مبارکباد ۔
تفصیلات کے مطابق پینل آف دی چیئر ایازصادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا۔وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سمیت اتحادی جماعتوں کے سربراہ اور اراکین اسمبلی ایوان میں موجود تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار راجہ پرویز اشرف بھی ایوان میں متحرک رہے ۔ راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین سے ان کی نشست پر جاکر ملاقات کی۔
بعد ازاں راجہ پرویز اشرف نے سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 35 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جو پورے ملک کے لیے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے جانے والی حکومت نے بجلی کی مینجمنٹ پر کوئی توجہ نہیں دی اور نئے پلانٹس گیس اور تیل کی کمی کے باعث بند پڑے ہیں۔ اتنی نااہل حکومت پاکستان میں کبھی نہیں آئی۔وزیراعظم نے راجہ پرویز اشرف کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اس کے علاوہ دیگر اراکین نے بھی باری باری راجہ پرویز اشرف کو مبارکباد دی ۔