اہم خبریںپاکستان

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی:پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے

سابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، چلاس، کوہاٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں، میانوالی، بہاولنگر، منڈی بہا الدین، سکھر، کندھ کوٹ، خیرپور اور تھر پارکر میں عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔،لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی رہائش گاہ کے اطراف میں بھی ریلی،آسٹریلیا ،امریکا میں پی ٹی آئی کارکنوں کی عمران حکومت کے خاتمے کی مذمت،تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی منظوری اور عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے خلاف اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرہ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی

،اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین بھی موجود تھے،مظاہرے سے سابق وفاقی وزراء نے بھی خطاب کیا،عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد ان کے حامیوں کی جانب سے لاہور میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،پی ٹی آئی کارکنان کے لبرٹی مارکیٹ میں جاری احتجاج کے باعث ٹریفک شدید متاثر ہوئی،مظاہرے سے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے خطاب کیا، پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان کی قیادت میں ہری پورمیں احتجاجی ریلی نکالی گئی،کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈالمیا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک پولیس گاڑیوں کو راشد منہاس روڈ سے نیپا چورنگی بھیجنے لگی۔ملتان کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور سابق وزیراعظم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ فیصل آباد میں عمران خان کی اپیل پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور پی ٹی آئی حکومت کی تبدیلی کے معاملے پر نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے کوہاٹ میں کچہری چوک اور چلاس میں صدیق اکبر چوک پر احتجاجی مظاہرے کیے۔

چیچہ وطنی میں پیلس چوک، جہانیاں میں میونسپل کمیٹی چوک، منڈی بہا الدین میں پریس کلب کے باہر، بہاولنگر میں سٹی چوک اور میانوالی میں وتہ خیل چوک پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ ادھر سندھ کے شہر سکھر میں پی ٹی آئی کارکنوں نے انصاف ہاوس سے سٹی پوائنٹ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ خیر پور میں مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔ کندھ کوٹ کے علاقے بخشا پور میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے انصاف ہاوس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ تھرپارکر میں تحریک انصاف کے کارکن متحدہ اپوزیشن کے خلاف سڑک پر نکل آئے۔ لندن کے علاقے ایون فیلڈ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائشگاہ کے سامنے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے خلاف لندن میں پی ٹی آئی کارکنان نے ایون فیلڈ کے سامنے احتجاج کیا، اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ کے سامنے مارچ کیا، اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان نے امپورٹڈ گورنمنٹ نامنظور کے نعرے لگائے

۔تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکن بھی بڑی تعداد میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئے ،پارک لین کے باہر لیگی کارکنوں نے جمع ہو کر نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔اس دوران لیگی حامیوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تلخ جملوں کا بھی تبادلہ ہوا، کسی بھی صورتحا ل سے نمٹنے کیلئے لندن پولیس بھی ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر پہنچ گئی۔دوسری جانب اوورسیز پاکستانی عمران خان کی حمایت میں نکلنے لگے ، آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے عمران خان کے حق میں احتجاج کیا گیا۔مظاہرے میں شریک اوورسیز پاکستانیوں نے بھکاری حکمران بن گئے جیسی تحریروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، بینرز پر بیرونی سازش نامنظور اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں کے نعرے بھی درج تھے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے سات اپریل کے عدالتی فیصلے کے بعد قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ عوام اتوار 10 اپریل سے بعد نمازِ عشا اپنے اپنے شہروں میں مظاہرے کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker