
عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل سہ پہر 12 بجے پارلیمنٹ ہاس میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کل پارلیمنٹ اجلاس میں بھی شرکت کا امکان ہے۔
دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی 52 رکنی کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون سے مشاورت کے بعد جاری کیا گیا ہے۔کابینہ سیکریٹریٹ کی جانب سے سابق کابینہ کے 25 وفاقی وزرا اور 4 وزرائے مملکت کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جب کہ عمران خان کو وزارت عظمی سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی سے عدم اعتماد کی قرارداد منظور ہوچکی ہے اور عمران خان اب آرٹیکل 4-94 کے تحت وزیراعظم نہیں رہے۔سابق وزیراعظم عمران خان کے 19 معاونین خصوصی اور 4 مشیروں کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ چاروں نوٹیفکیشن کابینہ سیکرٹریٹ سے جاری کئے گئے ہیں۔
واضح رہے عمران خان 3 سال 8 ماہ وزیر اعظم رہنے کے بعد گزشتہ رات تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں اپنے عہدے سے ہٹادیئے گئے ہیں اور یوں وہ پاکستان کی تاریخ میں تحریک عدم اعتماد کے ذرریعے گھر جانے والے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کرکے اسپیکر اسد قیصر مستعفی ہوئے اور ایوان ایاز صادق کے حوالے کرگئے جس کے بعد ان کی صدارت میں اجلاس کی کارروائی آگے بڑھائی گئی۔
اس دوران 174 ارکان نے عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ تحریک عدم اعتماد کے دوران پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے اپنے ووٹ کاسٹ نہیں کیے جب کہ حکومتی ارکان قومی اسمبلی ایوان میں موجود نہیں تھے لہذا ان کے ووٹ بھی کاسٹ نہیں ہوئے اور یوں تحریک عدم اعتماد 0-174 سے کامیاب قرار پائی۔