
اسلام آباد(آئی پی ایس )مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ رمیاں شہباز شریف نے کہاکہ پرسوں ایک تاریخی دن تھاجس میں سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کودفن کردیا،آج ایوان آئینی طریقے سے سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست دینے جارہا ہے، سپریم کورٹ نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے غیر آئینی کام کو کالعدم قرار دیا،
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ آج پارلیمان سلیکٹڈ وزیراعظم کو شکست فاش دینے جارہاہے،آج آپ آئین اورقانون کے تحت سپریم کورٹ کے حکم پر کھڑے رہیں،خدارا آج آپ اسپیکر کا کردار ادا کر کے تاریخ میں نام لکھوا لیں،
اسپیکراسد قیصر نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پر اسپیکر یہ کارروائی چلائیں گے۔لیکن اس سے پہلے میں دھمکی آمیز مراسلے کے بارے میں بات کرناچاہوں گا۔اس کے جواب میں شہباز شریف نے کہاکہ ہمارے سینوں میں بھی پاکستانی دل دھڑکتا ہے،اگر آپ سازش کی بات کریں گے تو بات بہت دور تک جائے گی،شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا پیرا پڑھ کر سنایا۔