دبئی (خصوصی رپورٹ) دبئی میں گزشتہ دنوں پام آئی لینڈ برج کے نیچے ایک سوٹ کیس میں 32 سالہ فلپائنی خاتون کی لاش ملی تھی جس کے قتل کے الزام میں ایک پاکستانی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق پاکستانی نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے درمیان پیسے کے لین دین پر گرماگرمی ہوئی جس پر اس نے خاتون کو کپڑے سے گلا گھونٹ کرماردیا ۔
واقعات کے مطابق ایک سیکیورٹی گارڈ نے پام آئی لینڈ برج کے نیچے سوٹ کیس دیکھنے کے بعد اپنے باس کو مطلع کیا جس نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس نے جب سوٹ کیس کھولا اور اس میں ایک فلپائنی خاتون کی لاش نکلی جسے اینالیزا آرایل کے نام سے شناخت کیا گیا پولیس تفتیش سےپتہ چلا کہ وہ وزٹ ویزے پر دبئی آئی تھی اور ایک شخص کے ساتھ فلیٹ میں رہ رہی تھی جو اس کا مبینہ طور پر بوائے فرینڈ تھا۔
پولیس نے ملزم کو تلاش کرکے اسے ہورالعنز سے گرفتار کرلیا ۔ جس کا تعلق پاکستان سے ہے تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس کے مقتولہ سے ناجائز تعلقات تھے اور وہ گزشتہ 4 ماہ سے ان کے ساتھ ایک ہی رہ رہی تھی ۔ ملزم کے مطابق مقتولہ نے ایک بار اس سے اپنے وزٹ ویزہ کی تجدید کے لئے 600 درہم ادھار لئے تھے۔ جب اس نے دوبارہ پیسے ادھار مانگے جس پر ان دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ لڑائی کے دوران مقتولہ فرش پرگرگئی تو اس نے کپڑے سے اس کا گلا گھونٹ دیا۔ جس کے بعد اس نے لاش کو ایک سوٹ کیس میں بند کیا اور اسے پل کے نیچے پھینک دیا۔