ناگپور (آئی پی ایس )بھارت میں پیٹرول پمپ کے مالک نے 50 روپے سے کم کا پیٹرول دینے سے انکار کردیا ہے جس کے لیے انہوں نے نوٹس بھی آویزاں کردیا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے بعد بھارت میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو دیکھا جارہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہارشٹرا کے شہر ناگپور میں ایک پمپ مالک نے 50 روپے سے کم پیٹرول فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔
اس حوالے سے پمپ مالک نے ایک پوسٹر بھی چسپاں کردیا ہے جس پر واضح لکھا ہے کہ پیٹرول 50 روپے سے کم میں نہیں ملے گا۔پیٹرول پمپ کے مالک روی شنکر پاردھی کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات 20،30 روپے کا پیٹرول دلواتے ہیں جبکہ مشینیں بہت تیز چلتی ہیں۔مشینیں تیز چلنے کی وجہ سے 20 یا 30 روپے کا پیٹرول فوری ڈل جاتا ہے جس کے بعد پیٹرول پمپ پر کام کرنے والا شخص نوزل کو فورا نکال لیتا ہے جو جھگڑے کا سبب بنتا ہے۔
پمپ مالک کا مزید کہنا ہے کہ جھگڑوں سے بچنے اور بجلی کو بچانے کے لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب ایک شہری کا کہنا ہے کہ ویسے ہی روز بروز پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور اگر پیٹرول 50 روپے سے کم نہیں ملے گا تو ہمارا گزارا کیسے چلے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کی کئی ریاستوں میں پیٹرول کی قیمت 120 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈیزل 104.77 میں فروخت ہورہا ہے۔خیال رہے کہ بھارت میں ریاستی سطح پر گاڑیوں کے ایندھن میں وی اے ٹی کی مختلف شرح ہیں جس کی وجہ سے شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مختلف ہیں۔