
اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )رہنما فواد چودھری نے تحریک عدم اعتماد اور ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن ترتیب ہو اور اس معاملے کو دیکھے۔آزاد قوم کو غلام قوم میں تبدیل کرنا ہے تو سیاسی رجیم تبدیل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جعلی ووٹ پڑ جائیں تو سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم مداخلت نہیں کر سکتے۔ سپیکر کی رولنگ غلط ہے یا سہی تو وہ سپیکر کے پاس موجود مواد منگواکر دیکھیں۔اگر یہ رولنگ کو غلط قرار دینا چاہتے ہیں تو شہادتیں دیکھیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت بدلنے کے لئے پاکستان میں بیرونی سازش کی گئی۔حکومت بدلنے کی کوشش کامیاب ہوتی ہے تو 1940 کے دور پر ہم چلیں جائیں گے۔یہ ایک بدترین سامراج پر قبضے کی کوشش ہو گی ۔فواد چودھری نے کہا کہ عدلیہ اور پارلیمان کو آئین کی حدود پر آگے بڑھنا ہے۔ہم نے معیشت کو بڑی مشکل سے سنبھالاتھا اور آج ڈالر اوپر چلا گیا ہے۔پاکستان کی معیشت تباہی کی طرف چلی گئی ہے۔پاکستان اور معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے۔