
پشاور:(آئی پی ایس ) رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی، یوٹیلٹی سٹورز سے اشیائے ضروریہ غائب ہو گئیں، چینی ،گھی اور آٹے کے حصول کیلیے شہری رل گئے۔
رمضان کے مقدس مہینے کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی شہریوں کو رعایتی اشیا کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی، صوبے بھر میں یوٹیلٹی سٹورز پر 19 رعایتی اشیا کا حصول دشوار ہو گیا۔حکومت کی جانب سے سٹورز پرسستی اشیا کی فراہمی کے اعلان کے باوجود اشیا دستیاب نہیں، شہری یوٹیلٹی سٹورز کا رخ تو کرتے ہیں تاہم سستی چینی، آٹا اور گھی کا ملنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اشیا کی فراہمی کو یقینی بنائے۔اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش مہنگی ہونیکے باعث شہری سٹورز کا رخ کررہے ہیں تاہم گھنٹوں انتظار کے بعد مایوس لوٹنے پرمجبور ہیں۔