
لاہور (آئی پی ایس ) شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کرائے کے ترجمانوں نے ہی اس انجام تک پہنچایا ہے۔سابق ایم پی اے شعیب صدیقی نے فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی جلسوں کے اخراجات کا مکمل آڈٹ ہوا، ایک روپے کا بھی اعتراض نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان کی زبان درازی ان کی وزارت ثقافت میں ان کے گند کا عکاس ہے، انہوں نے الحمرا اور دیگر جگہوں پر جو گل کھلائے آج بھی اسی کا اظہار کر رہے ہیں۔شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ میری ذمہ داری جلسے آرگنائز کرنا تھا، ادائیگیاں پارٹی اکانٹ میں سے ہوئیں، فیاض چوہان نے جو جلسہ جو آرگنائز کیا اس کے تمام انتظامات انکی طرح ناقص تھے۔سابق ایم پی اے نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، پی ٹی آئی کو ایسے کرائے کے ترجمانوں نے ہی اس انجام تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبدالعلیم خان کے بارے فیاض الحسن چوہان کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو قابل مذمت ہے، فیاض چوہان کو اپنی زبان کے باعث ہی ہمیشہ خفت اور ذلت کا سامنا کرنا پڑا، ثابت ہوا کہ فیاض چوہان وزارت بچانے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں۔شعیب صدیقی نے کہا کہ عبدالعلیم خان پر گفتگو سے پہلے فیاض چوہان کو اصل حقائق سے آگاہ ہونا چاہیے، بازاری گفتگو کر کے سستی شہرت حاصل کرنا فیاض چوہان کا وطیرہ رہا ہے۔





