اسلام آباد (آئی پی ایس ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں تو ایمرجنسی کی خواہش رکھتا تھا میری بات نہیں مانی گئی، یہ زبردست کام ہوا ہے، عمران خان کو اتنے ووٹ ملیں گے کہ لوٹے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انھوں نے کہا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں تھا ہمارے محلوں میں لڑائی شروع ہوگئی تھی، لوگ عمران خان کے ساتھ ایک دم نکل آئے تھے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں بھی پیر کو توڑ دینی چاہیئں۔وزیر داخلہ نے کہا آصف زرداری نے 3 دن سے پھڈا ڈالا ہوا تھا، ورنہ 4 دن پہلے اسمبلی ٹوٹ جاتی، صرف آصف زداری نے اسٹینڈ لیا ہوا تھا باقی دو جماعتیں ری الیکشن کے لیے تیار تھیں، آصف زرداری نئے الیکشن میں رکاوٹ تھے۔
انھوں نے کہا 4 دن پہلے سے طے تھا ملک الیکشن کی طرف جا سکتا ہے، آخر کار کل فیصلہ ہوا اور عمران خان نے سیاسی کمیٹی ممبران سے حلف لیا۔واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آج وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد غیر آئینی قرار دے کر مسترد کر دیا، جس کے بعد صدر مملکت نے وزیر اعظم کی تجویز پر اسمبلیاں تحلیل کر دی ہیں۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ نئے انتخابات آئندہ 90 روز میں ہوں گے۔