پشاور(آئی پی ایس)صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے کہا ہے کہ دوسری پارٹیوں کی خوش فہمیاں آج خاک میں مل گئی ہیں۔خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران بنگش نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے منشور اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے تھے کہ وزیراعظم عمران خان ابھی لوگوں میں مقبول نہیں رہے یہ ان کے لیے ایک ٹریلر تھا، فلم جلد دیکھنے کو ملے گی۔کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہورہے ہیں، تمام پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جیت پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ آج ثابت ہوا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی اب بھی مقبول ترین جماعت ہے، مستقبل میں بھی اسی کی طرح عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن اور امیدوار سب صاف دامن ہیں، پی ٹی آئی کی جیت عوام کی جیت ہے۔کامران بنگش نے مزید کہا کہ دوسری پارٹیوں کی خوش فہمیاں آج خاک میں مل گئی ہیں، عوام کو نااہل اور کرپٹ لوگوں سے چھٹکارا دلائیں گے۔