پشاور(آئی پی ایس)ترجمان خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا ہے،مکمل نتائج کے بعد صوبے میں نشستیں اور ووٹ تحریک انصاف کے زیادہ ہوں گے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں واضح برتری حاصل کرلی ہے، اس موقع پر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی محمود خان کی قیادت پر اعتماد کیا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے، خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا ہے، مکمل نتائج کے بعد صوبے میں نشستیں اور ووٹ تحریک انصاف کے زیادہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان نے صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا، ضم اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہوئے۔معاون خصوصی نے کہا عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کو بہترین انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔بیرسٹر سیف کی پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔