
لاہور(آئی پی ایس)3 بجلی گھروں میں ہونے والی فنی خرابی کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ اچانک بڑھ گیا ہے۔رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک کے عوام بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں وہیں گرمی میں لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کا سکون بھی چھین لیا گیا ہے۔
بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں ایک دم اضافے کی وجہ 3 ایٹمی پاور پلانٹس میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کو قرار دیا جارہا ہے۔جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے علاقے بجلی کی حالیہ لوڈ شیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ اکثر علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ بعض علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت کراچی اور چشمہ کے مقام پر ایٹمی بجلی گھر کام کررہے ہیں۔وزارت پانی و بجلی کی جانب سے گزشتہ روز ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی تھی کہ ملک میں فعال ایٹمی بجلی گھروں میں سے 3 میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی طلب اور رسد میں فرق بڑھ گیا ہے۔