کراچی(آئی پی ایس)پی پی رکن قومی اسمبلی اور ناظم جوکھیو کیس میں نامزد جام عبدالکریم کراچی پہنچ گئے، حفاظتی ضمانت کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم نجی ایئر لائن سے کراچی پہنچے۔ صوبائی وزیر امتیاز شیخ، رہنما پیپلزپارٹی سہیل سیال اور شبیر بجارانی نے استقبال کیا۔ جام کریم کو امیگریشن کے بعد ایف آئی اے حکام نے ایس ایس پی ملیر کے حوالے کیا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر جام کریم کو پولیس سیکیورٹی میں اپنے ہمراہ لے گئے۔ رکن قومی اسمبلی عدالت سے حفاظتی ضمانت پر ہیں اس لئے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ایک روز قبل ناظم جوکھیو کی بیوہ نے قتل میں ملوث ملزمان کی معافی کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جام کریم وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ بھی استعمال کریں گے۔
دوسری جانب ناظم جوکھیو کیس میں سیکریٹری داخلہ سندھ نے پراسیکیوٹر جنرل کی تجویز پر تفتیشی افسر کی تبدیلی کیلئے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا۔پراسیکیوٹر جنرل سندھ کے مطابق موجودہ انویسٹی گیشن افسر نااہل ہیں اور انہوں نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ تفتیشی افسر پراسیکیوٹر جنرل کے بغیر انسداد دہشتگردی کی ایڈمنسٹریٹو عدالت میں پیش ہوا۔