پاک فوج کے زیر اہتمام استور کے خوبصورت سیاحتی مقام داسخریم چلم میں دیوسائی سرمائی سپورٹس میلہ کی اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی فورس کمانڈر گلگت بلتستان تھے۔ ان کے علاوہ تقریب میں سینیر سول وعسکری حکام، عمائدین علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
استور کی ضلعی انتظامیہ اور دیوسائی گولڈ اسپورٹس آرگنائزیشن کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس میلے میں سکینگ، پیراگلائیڈنگ، والی بال، کرکٹ ، رسہ کشی، گھوڑا ریس، شیپ ریس، کبڈی، گلی ڈنڈا، پٹھوگرم، اور چھلۓ کے علاؤ دیگر کھیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ میلے کا مقصد موسم سرما میں ایک تسلسل کے ساتھ جاری سرمائی سیاحت کو فروغ دینے اور لوگوں کو تفریح کے مواقعے فراہم کرنا تھا۔
چلم کے مقام پر 22 مارچ سے شروع ہونے والے رنگارنگ میلے میں ضلع بھر سے ایک سو سات ٹیموں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی فورس کمانڈر میجرجنرل جواد احمد نے کہا کہ سرد موسم اور مشکلات میں مسکراہٹ اصل زندگی ہے۔ انہوں نے ضلع استور میں عوام کو تفریح کے مواقعے فراہم کرنے کے حوالے سے پاک آرمی سنو فسیٹول کے کامیاب انعقاد پر استور کے عوام، ضلعی انتظامیہ اور 80 بریگیڈ کو مبارکباد پیش کی۔ پاک فوج کی جانب سے اس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بھی یہ ہے کہ سرد موسم میں لوگ گھروں سے باہر آکر مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کے ساتھ لطف اٹھا کر خوشیاں بکھیرنے کے ساتھ آپس میں اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کی فضا کوقائم رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کو بھی اجاگر کیا جائے۔
آخر میں مہمان خصوصی نے تمام کھلاڑیوں میں انعامات تقسم کیے، جبکہ گلگت بلتستان کے معروف گلوکاروں آفتاب عالم جانی اور منیر احمد ساگر نے قومی گیت پیش کرکے میلے کو مزید گرما دیا جس پر لوگوں نے خوب رقص کیا اور پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔