
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی کیڑوں نے اپنے ضمیر بیچ دیے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کو میرا مشورہ ہے کہ یہ جانے والے واپس آئیں گے لیکن انہیں معاف نہیں کرنا ہے۔الیکٹرونک پاسپورٹ سہولت کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جومرضی سوچ ہو،عوام عمران خان کیساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کیڑوں نے اپنے ضمیر بیچ دیے ہیں لیکن یہ لوگ جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں اور اب یہ ضمیر فروش ناکام ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی ووٹ اور ان کی سوچ عمران خان کے ساتھ ہے اور اگر 2 سے 4 تھیلے مجھے بھی مل جاتے تو آج یہ صورتحال دیکھنی ہی نہیں پڑتی۔
میں ایک سیاسی ورکر ہوں اور یہ میری 15ویں وزارت ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کروں۔انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کا ٹریک ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ پیسہ ان کی کمزوری ہے جس کے لئے اسامہ بن لادن کا بھی مال کھایا ہے ۔شیخ رشیدنے کہا کہ ماضی میں ایک ویزے پر ڈیڑھ لاکھ تک کی کرپشن ہوتی تھی لیکن آج آپ کی حکومت میں اس ادارے کو نیٹ اینڈ کلین بنایا ہے۔
جتنی بھی طاقت رہ گئی ہے وہ اللہ کے بعد عمران خان کے لئے ہے
انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ عمران خان ڈٹے رہنا یہ سارے لوگ چل کر واپس آئینگے لیکن آپ نے انہیں معاف نہیں کرنا ہے اور اسکی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں تو پہلے ہی کہتا تھا کہ اسمبلیوں کو تحلیل کردیا جائے اور پھر الیکشن میں جایا جائے اور گورنر راج لگائیں لیکن میری ایک نہیں سنی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ میں سیاست نہیں کرنا ہوں لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سیاست کی ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میں آپ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں اور میرا تعلق عمران خان کے ساتھ جیتے مرتے دم تک رہےگا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں کبھی وزیراعظم ہاوس نہیں گیا لکن آج میں ہر وقت اور اس عمر میں جتنی بھی طاقت رہ گئی ہے وہ اللہ کے بعد عمران خان کے لئے ہے ۔