
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک سے ملنے والے دھمکی آمیز خط کو اتحادی جماعتوں اور صحافیوں کے سامنے لانے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی لوگوں کی زندگیاں آسان کیں، ٹیکنالوجی نے لوگوں کی کرپشن کی استعداد کو ختم کردیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں جو کرپشن ختم کی گئی ہے اس سے ملک کو کتنا نقصان پہنچایا گیا اس کا کوئی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
گزشتہ ادوار میں ایک ہزار ارب روپے کرپشن کی نذر ہوکر لوگوں کی جیب میں گیا تھا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی گئی ترسیلات کی وجہ سے ہماری معیشت مستحکم ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں لیکن اس کے باوجود درآمدات بہت زیادہ ہیں، ہم غیر ملکی پاکستانیوں کی ترسیلات زر اور سیاحت کو فروغ دے کر اس فرق کو ختم کرسکتے ہیں۔ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر وزیر اعظم نے کہا جمہوری ملکوں میں سیاسی بحران آتے رہے ہیں۔
عدم اعتماد کی تحریک پاکستان کے خلاف سازش ہے، یہ سازش باہر سے کی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک طاقتور شخصیات کو فون کرکے اپنی بات منوانے کی عادت تھی۔ ہم نے قربانیاں دیں لیکن ہمارے ساتھ ہمدردی کے بجائے ہم پر تنقید کی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس سازش کے دستاویزی ثبوت موجودہیں وہ ملک کے نامور صحافیوں اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ایک ایک رکن کو دکھائیں گے۔
وزیر عظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں خط کو ڈرامہ قرار دے رہی ہیں، خط دکھانے کا مقصد ہی یہ ہوگا کہ وہ اس بیرونی سازش سے بچ جائیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انجانے میں بیرونی سازش کا حصہ بن جائیں۔