
اسلام آباد (آئی پی ایس )اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے وفود میں رات گئے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں معاملات طے پا گئے ،ایم کیو ایم کے ہاتھ ملانے کے بعد اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد پر نمبرز گیم میں حکومت پر برتری حاصل ہو گئی ،حزب اختلاف کے 177،حکومت کے 164نمبر رہ گئے
بلاول بھٹو نے معاملات طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدہ نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے
ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے آج شام چار بجے باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اور ایم کیو ایم میں مذاکرات رات گئے تک جاری رہے ، جس میں متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم میں معاملات طے پاگئے، مذاکرات میں اپوزیشن کے وفد میں سعد رفیق، خواجہ آصف، ایاز صادق، شیری رحمان، سعد غنی ، مراد علی شاہ، نوید قمر، اختر مینگل، مولانا عبدالغفور حیدری شامل تھے جبکہ ایم کیو ایم وفد میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، وسیم اختر شامل تھے ۔
ترجمان ایم کیو ایم کی طرف سے معاملات طے ہونے کی تصدیق کر دی گئی ۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدہ نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے ، ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے آج شام چار بجے باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری طرف اپوزیشن ایم کیو ایم کو ساتھ ملا کر عددی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، اپوزیشن کو 177نمبرز کے ساتھ عدم اعتماد پر گنتی سے قبل ہی برتری حاصل ہو گئی ،تحریک انصاف اور اتحادیوں کے پاس 164نمبر ز رہ گئے ۔