
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے اور ان فیصلوں کو میری مکمل حمایت حاصل ہے۔چوہدری شجاعت نے سیاسی صورتحال کے تناظر میں خاندان میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اب تک پارٹی یا گھر میں جو بھی فیصلے ہوئے ہیں وہ میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں اور جو افواہیں چل رہی ہیں یا چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے خاص کر پڑھے لکھے لوگ اس بات کوپسند نہیں کرتے ہیں۔ چوہردی شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا اور حقائق کو جوڑ توڑ کر پیش کرنا یا کروانا نہایت نامناسب بات ہے۔
ہماراخاندان اور جماعت ایک پیج پر ہیں،جو افواہیں چل رہی ہیں وہ غلط ہیں ،صدر(ق)لیگ
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان پچھلے 50 سالوں سے پنجاب ہی میں نہیں بلکہ پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے جس میں فیصلے میری رضامندی کے ساتھ کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی ایشو پر رائے کو فیصلہ سمجھ کر پراپیگنڈہ نہیں کرنا چاہیے اور اختلافات کا غلط پروپیگنڈا کر کے جو لوگ سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں بڑی مایوسی ہوگی۔