
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کی انتظامیہ نے وفاقی کابینہ کے 2نومبر 2021کے فیصلے اور ای 12 کے متاثرین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے قائم کردہ کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں سیکٹرای 12 کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی دوسری قرعہ اندازی 28 مارچ بروز پیر دن تین بجے اولڈ ون ونڈو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں کی گئی۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان تھے۔ قرعہ اندازی کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے نادرا کی خدمات حاصل کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کمپیوٹرائز بلیٹنگ کو چار کٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔
پہلی کٹیگری میں بلٹ اپ پراپرٹی کے 62 متاثرین کو 25×50 سائز کے پلاٹ الاٹ کئے گئے۔ اسی طرح دوسری کٹیگری میں 9 متاثرین کو 25×60 کے پلاٹ الاٹ کئے گئے جبکہ کٹیگری تھری میں بلٹ اپ پراپرٹی کے 42 متاثرین کو 30×60 کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی گئی۔
کٹیگری فور میں 30×70 سائز کے 7 پلاٹس زمین کے کلیمز کے عوض الاٹ کئے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 120 پلاٹوں کی کمپیوٹرائز بلیٹنگ کے زریعے شفاف الاٹمنٹ کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے انتظامیہ کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں آج سیکٹر E-12 کے متاثرین کو دوسری شفاف قرعہ اندازی کے بعد پلاٹس الاٹ کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ متاثرین کو بحالیاتی فوائد کے طور پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے بعد سیکٹر E-12 کے متاثرین کی آبادکاری کا درینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے جبکہ سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کام جو چار دہائیوں سے تعطل کا شکار تھے ان میں اب مزید تیزی آئے گی۔واضح رہے عرصہ دراز سے اسلام آباد کے ایسے سیکٹر جہاں ترقیاتی کام التوا کا شکار تھے۔ موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ان تمام سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ نئے سیکٹرز کی آباد کاریوں سے شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا اور اسکے ساتھ ساتھ شہریوں کو اعلی معیار زندگی اور معیاری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی میں بھی مزید آسانیاں پیدا ہونگی۔