کراچی (آئی پی ایس)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ جام عبدالکریم، ناظم جوکھیو کے قتل میں مطلوب ہیں، ملزم عدالت سے مفرور اور دبئی میں مقیم ہیں اور میڈیا اطلاعات کے مطابق وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد آ رہے ہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد لینڈ کرتے وقت جام عبدالکریم کو گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں، جام عبدالکریم گھنائونے قتل میں مطلوب ہے، عدالت انہیں تلاش کر رہی ہے جبکہ وہ پاکستان سے مفرور ہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم کسی مجرم کو اس طرح نہیں چھوڑ سکتے،
ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھا ہے کہ وہ فوری طور پر کارروائی کریں، گورنر سندھ نے ڈی جی ایف آئی اے کے نام خط میں کہا کہ جام عبدالکریم کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ جام عبدالکریم قتل کیس کی ایف آئی آر میں نامزد ہیں۔