اسلام آباد(آئی پی ایس) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی پاکستان آمد پر انہیں گرفتار کرنے اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جام عبدالکریم کو عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی، اب ہم انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کریں گے، ڈی جی ایف آئی اے کو کہا ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کیا جائے، سندھ پولیس کے آئی جی کو بھی ہدایت کی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تو جام عبدالکریم کو گرفتار نہیں کرے گی کیونکہ انہیں ووٹ چاہئیں، ہم جام عبدالکریم کا نام انٹرپول میں بھی ڈلوائیں گے۔