پاکستانپنجاب

جنوبی پنجاب صوبے بارے بڑی پیشرفت سامنے آگئی

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیش کر دیا،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر خارجہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کی ہے کہ اس بل کو سوموار کو منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر خارجہ کی درخواست پر اس جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل کو سوموار کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، وزیر اعظم عمران خان نے میلسی کے عوامی رابطہ جلسے میں جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کیا،وزیر اعظم کی ہدایت پر میں نے آئینی ترمیمی بل، وزارت قانون کی منظوری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی خدمت میں پیش کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کی عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔

 

دریں اثناء وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نہ ڈیل کرتے ہیں اور نہ کسی کو ڈھیل دیتے ہیں۔ہمارا مرنا جینا پاکستان میں ہے، ہمارے اتحادی ہمارے دوست ہیں اور ہم مل کر چلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ سوئیس بینک میں پیسے جمع کیے ہیں نہ ہماری جائیدادیں ہیں اس لئے اس مرحلے سے حوصلے برداشت سے گزریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پیپلزپارٹی کے ڈسے ہوئے ہیں کیونکہ کراچی کے عوام کے حقوق کے ساتھ جو اس پارٹی نے کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم کو سینے سے لگایا، حکومت میں نمائندگی دی، ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور مستقبل میں بھی ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔

 

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیاسی حساب کتاب کے مطابق اتحادی جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہیئے اور سیاسی مخالفت میں ذاتیات پر باتیں نہیں ہونی چاہیئں اور نہ کسی کی ذات پر انگلی اٹھانا مناسب ہے۔اس سے قبل قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہہ دیا ہے کہ اجلاس میں تاخیر نہیں ہوئی اور آج بھی آئین اور رولز کے مطابق کارروائی ہو گی۔بابر اعوان نے کہا ہے کہ کپتان نے پہلے بھی ورلڈ کپ جیتا تھا آج سے سرپرائز کی سیریز شروع ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker