
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو جدید اور موثر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے اس سلسلے میں ہیلپ لائن 1819 کا آغاز بھی اس اقدامات کی کڑی ہے۔ یہ ہیلپ لائن سی ڈی اے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور آئی سی ٹی اور پولیس کی طرف سے فراہم کردہ تمام خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی اس ہیلپ لائن کو استعمال کرکے شہری فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات لینے کے ساتھ ساتھ ان پر اپنی رائے بھی دے سکتے ہیں۔ شہری جائیداد کی منتقلی سے متعلق اپنی درخواستوں پر پیشرفت بھی اس ہیلپ لائن کے ذریعے معلوم کرسکتے ہیں یہ ہیلپ لائن انتظامیہ کو قیمتوں کی موثر نگرانی کی سہولت بھی فراہم کرے گی کیونکہ شہری اشیائے خوردونوش کی زائد قیمتوں کی صورت میں شکایات بھی اسی ہیلپ لائن کے ذریعے درج کراسکتے ہیں۔ ہیلپ لائن یوفون کے ذریعے ایک فرنٹ اینڈ سروس کے طور پر استعمال ہوگی۔ سی ڈی اے پہلے سے ہی ایک سافٹ ویئر این آر ٹی سی کے ذریعے بیک اینڈ سروسز فراہم کررہا ہے یہ ہیلپ لائن سی ڈی اے کو ایک جدید اور موثر سروس فراہم کرنے والا ادارہ بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ نئی شہری سہولیاتی مرکز کے قیام اور اس کے ذریعے سی ڈی اے کی جانب سے فراہم کردہ تمام سہولیات بشمول بی سی ایس، اسٹیٹ مینجمنٹ، ریونیو اور ون ونڈو ایک ہی چھت کے نیچے اوپن انوائرمنٹ میں کام کررہی ہیں جس سے شہریوں کو ان کے مسائل کے موثر حل اور تیز رفتار سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے یہ ہیلپ لائن یوفون کے ذریعے تھرڈ پارٹی پرفامنس آڈٹ کے طور پر بھی کام کرے گی جس سے سی ڈی اے انتظامیہ کو رئیل ٹائم ڈیش بورڈ کے ذریعے ہر سیکشن کی کارکردگی تک رسائل حاصل ہوگی۔
پولیس کے لیے یہ ہیلپ لائن صرف معلوماتی مقاصد کے لیے ہوگی کیونکہ ہنگامہ مدد یا شکایات کے اندراج کے لیے پہلے ہی سے ہیلپ لائنز موجود ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ پرامید ہے کہ یہ ہیلپ لائن عوام کے ساتھ رابطے میں سہولیات فراہم کرے گی اور فیڈ بیک سے سی ڈی اے کو مزید ذمہ دار اور موثر سروس ڈیلیوری ادارہ بنانے میں مدد ملے گی۔