
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، فواد چوہدری پرویز خٹک اور حماد اظہر کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پارٹی کے چیف وہپ عامر ڈوگر بھی شریک تھے۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کو اتحادیوں اور ناراض ارکان سے روابط سے آگاہ کیا گیا جب کہ 27 مارچ کے جلسہ کی تیاریوں پر مشاورت بھی کی گئی۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم قانونی اور آئینی امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 25 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا، روایت کے تحت وفات پانے والے ایم این اے کے ایصال ثواب کے لیے دعا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ 30 سے یکم اپریل تک اسپیکر جس دن کے لیے چاہے گا، ووٹنگ کا دن مقرر کرے گا، 27 کے جلسے میں واضح ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اگر پراعتماد ہے تو ہم بھی پراعتماد ہیں، تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے لیے پرامید ہیں، ابھی تک وزیراعظم کے پاس بھی بہت کارڈز ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ امید ہے کہ اتحادی عمران خان کے ساتھ ہوں گے، دعا ہے کہ انہیں وزیراعظم کا ساتھ دینا چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان سے ناراض رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے ملاقات کی جس میں عامر لیاقت کے تحفظات اور خدشات پر گفتگو ہوئی ۔وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنیوالوں میں عالیہ حمزہ اور سائرہ بانو بھی شامل تھیں، ملاقات میں وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اور معاون خصوصی عامر ڈوگر بھی موجودارکان پارلیمان کا وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے عامر لیاقت کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرئی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا کہ وزیر اعظم کو قائل کرلیا ہے،ابھی ووٹ کا فیصلہ نہیں ہوا،عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم سے دوستی پہلے سے تھی ختم نہیں ہوئی