
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کے انعقاد کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت رہی ،کسی عام شہری کو پنڈال میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ،خصوصی پاسز رکھنے والے افراد ہی تقریب میں شرکت کرسکے جبکہ عام شہری پریڈ گرائونڈ کے آس پاس سڑکوں پر پاک فضائیہ کی مہارتوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔
ایکسپریس وے کیساتھ ساتھ آس پاس کی آبادیوں میں بچے ، بوڑھے ، خواتین اور جوان گھروں کی چھتوں اور کھلے میدانوں میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کے کرتب دیکھتے رہے ۔زیروپوائنٹ پل پر بھی کافی رش دیکھنے میں آیا جہاں لوگ اپنی فیملیوں کیساتھ آئے تھے ا ورشاہینوں کی مہارتوں سے لطف اندو ز ہوتے رہے۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے سلامی پیش کی۔جدید ترین جے 10 سی جنگی طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، شاندار فضائی مظاہرے میں جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16 اور دیگر جنگی طیارے شامل رہے۔