
اسلام آباد(آئی پی ایس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک ہے،تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں، تمام ملکوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر قائم ہیں، ہم اپنی سلامتی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ، جنوبی ایشیا میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ہیں، بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں پرجبر و تشدد کیا جارہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکریاں پڑیاں گرائونڈ میں منعقد ہونیوالی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس سال ہم پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پرتمام پاکستانیوں کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدر مملکت عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کادن تاریخی لحاظ سے منفرد ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اسلامی امہ کے اس عالمی ادارے کا بانی رکن ہے، ہماری خواہش ہے کہ او آئی سی کو مستحکم ادارہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے، تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔آج کی تقریب کی خاص بات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکا کی شرکت ہے، او آئی سی کا فلوٹ بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ رواں سال یوم پاکستان کا تھیم شاد رہے پاکستان ہے، یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ مرکز یقین شاد باد سے لیا گیا ہے۔