
اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے تعاون سے ہم نصابی سرگرمیوں کے ہفتہ کے اختتام پر طلباء میں انعامات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا۔ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور نرسنگ کے طلباء نے مختلف ہم نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ کالج کے کھیلوں کے ہفتے میں کرکٹ، والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس جیسے کھیلوں کے ساتھ تفریحی میلہ، فنون لطیفہ، کوئز، مباحثے اور شاعری کے مقابلے شامل تھے۔

اختتامی تقریب میں طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے کالج اور ہسپتال کی انتظامیہ بشمول منیجنگ ڈائریکٹر یاسر نیازی، ڈین کالج سید شعیب حسین شاہ اور سٹاف کے دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو کالج انتظامیہ کی جانب سے میڈلز اور انعامات دئیے گئے۔
یاسر نیازی نے اس موقع پر کہا کہ کالج ہر سال کھیلوں کے ہفتے کا انعقاد کرتا ہے تاکہ طلباء کو مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کا حصہ بننے کی ترغیب دی جا ئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کالج کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر یقین رکھتا ہے تاکہ مستقبل کے یہ طبی ماہرین اپنی پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، قابل اعتماد تجربے، علمی سرگرمیوں اور میڈیکل ریسرچز کے ذریعےمعاشرے کی بڑھ چڑھ کےخدمت کرسکیں۔

کالج کے کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری نے صحافیوں کو بتایا کہ میڈیکل کالج اور ہسپتال کی انتظامیہ ہر ایک طالب علم کو عمدہ تربیتی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان کی ذہنی، جسمانی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
طلباء اور ان کے والدین نے کورونا کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد کالج کے صحت مندانہ، تخلیقی اور مثبت سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا۔





