بین الاقوامی

روس کا ماریوپول شہر حوالے کرنے کا مطالبہ، یوکرین کا انکار

کیف(آئی پی ایس)یوکرین نے روس کی جانب سے ماریوپول شہر حوالے کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ ماریوپول شہر میں ہتھیار ڈالنے اور روسی افواج کے حوالے کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔روس نے گزشتہ روز یوکرینی فوج سے 5 بجے تک ماریوپول شہر میں ہتھیار ڈالنے اور فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔روسی افواج نے ماریوپول شہر کو چاروں اطراف سے گھیر رکھا ہے اور شہریوں تک بجلی، خوراک اور ادویات کی فراہمی روک رکھی ہے۔

 

روسی افواج نے گزشتہ روز محصور بندرگاہی شہر ماریوپول میں ایک آرٹ اسکول پر بمباری کی تھی جس میں 400 شہریوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ یوکرینی حکام کی جانب سے جانی نقصان کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔روس ہائپرسونک میزائلوں سے یوکرینی علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ روسی حکام کے مطابق یوکرین کے وسطی شہر شیتومیئر کے قریب واقع ایک ٹریننگ سینٹر کو روسی فوج نے نشانہ بنایا جس میں کم از کم 100 یوکرینی فوجی اور غیرملکی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

 

اس سے قبل روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا تھا کہ بحیرہ اسود کے بندرگاہی شہر میکولائیو میں روسی ہائپرسونک میزائلوں کے ذریعے یوکرینی فوج کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا گیا ہے۔روس کے مطابق یہ فوجی تنصیب یوکرینی ٹینکوں کو فیول فراہم کرنے کے لیے انتہائی اہم تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹینکوں کی ورکشاپ پر بھی بمباری کی گئی ہے۔یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف میں روسی فوج کے تازہ حملوں میں پانچ شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ روسی فورسز نے خارکیف پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں شدید گولہ باری جاری ہے۔جنگ میں اب تک ہلاک ہونے والے روسی اور یوکرینی فوجیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم یوکرینی فوج نے ایک ہفتہ قبل اپنے 1300 فوجیوں کی ہلاکت کا بتایا تھا جبکہ روس نے اپنے 500 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker