
اسلام آباد(آئی پی ایس ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور شہباز گل کو ان کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے اپنے وکیل کی وساطت سے بھیجے گئے قانون نوٹس میں کہا گیا کہ شہباز گل نے نجی چینل کے پروگرام میں انتہائی نامناسب زبان استعمال کی اور ان کے خلاف کینسر سے متعلق جعلی ادویات کا بے بنیاد الزام لگایا۔
قانون نوٹس کے متن کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ شہباز گل کے الزامات کے بعد پی ٹی آئی کے سپورٹرز کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ نوٹس میں شہباز گل سے آئندہ 15 روز میں رامش کمار سے معافی مانگے کا کہا گیا۔ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ شہباز گل نے معافی نہیں مانگی تو ہتک عزت کا دعوی دائر کیا جائے گا۔