
لاہور: مسلم لیگ (ن) نے لانگ مارچ 24 تاریخ کو لاہور سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پارٹی نے لانگ مارچ سے قبل عوام کو متحرک کرنے کے لئے چاروں صوبوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے مختلف شہروں میں جلسے کئے جائیں گے، جس میں مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز خطاب کریں گی۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز 22 مارچ کو سوات میں جلسے سے خطاب کریں گی، جلسے کے لئے مقامی قیادت کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، دوسرا جلسہ پنجاب میں رکھے جانے کا امکان ہے، جب کہ کراچی اور کوئٹہ میں بھی جلسے کئے جائیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن )نے لانگ مارچ 24 مارچ کو لاہور سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز مشترکہ طور پر کریں گے، مسلم لیگ کا قافلہ رات گوجرانوالہ میں قیام کرے گا اور 25 مارچ کو کاروان گوجرانوالہ سے جہلم پہنچے گا اور رات وہیں قیام کرے گا، 26 مارچ کی صبح کاروان جہلم سے روانہ ہوگا اور رات راولپنڈی میں قیام کرے گا
، 27 مارچ کی صبح یہ کاروان اسلام آباد روانہ ہوگا، اور دو یا اس سے زیادہ دن تک اسلام آباد میں قیام کرنے کا امکان ہے، اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور صدر شہبازشریف کی منظوری سے شیڈول جاری کیاگیا ہے ۔صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور وارڈ کی سطح پر عہدیداروں اور کارکنان کو باضابطہ ہدایا ت جاری کردی گئی ہیں۔