
دنیا ہنگامہ خیز تبدیلی کے دور میں داخل ہو رہی ہے ، سرد جنگ کی دوبارہ شروعات کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے، انسانی معاشرے کو درپیش سلامتی اور ترقی کا ماحول پیچیدہ اور شدید ہے،چینی وزیر خا رجہ
بیجنگ () چین کے وزیر خا رجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ دنیا ہنگامہ خیز تبدیلی کے دور میں داخل ہو رہی ہے اور انسانی معاشرے کو درپیش سلامتی اور ترقی کا ماحول پیچیدہ اور شدید ہے۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزشنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل چانگ منگ سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او کو "شنگھائی روح” کو بھرپور طریقے سے فروغ دینا چاہیے، رکن ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کو گہرا کرنا چاہیے، اور باہمی تعاون میں اضافہ کرنا چاہیے۔تنظیم کو علاقائی استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے اشتراکی، جامع ، سودمند اور پائیدار سلامتی کے تصور پر فعال طور پر عمل کرنا چاہیے ، سرد جنگ کی دوبارہ شروعات کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں کی بھرپور مخالفت کرنی چاہیے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کا احترام کرنا چاہیے، اور بین الاقوامی انصاف اور شفافیت کا دفاع کرنا چاہیے۔چانگ منگ نے کہا کہ ایس سی او یوکرین کی صورتحال پر پوری توجہ دے رہی ہے اور جلد از جلد امن اور مشترکہ سلامتی کی بحالی کی امید کرتی ہے، تاکہ دنیا میں پائیدار امن اور استحکام کا حصول ممکن ہو سکے ۔