گلگت (آئی پی ایس)پاک فوج نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد کیلئے مختلف کھیلوں کے میلہ کا انعقاد کیا۔ جس کا مقصد حصوصی افراد کی حوصلہ افزائی، معذوری کے مسائل سے آگاہی کو فروغ دینا اور افراد باہم معذوری کے وقار، حقوق اور سلامتی کے لئے تمام حمایتوں کو متحرک کرناہے۔ افراد باہم معذوری کو زندگی کے تمام تر سیاسی، سماجی، اقتصادی اور ثقافتی امور میں شامل کر نا خوش آئند ہے۔
میلے میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے مدعو کیے گیے خصوصی افراد کی کثیر تعداد اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی افراد کے مابین بلا ئنڈکرکٹ ، ٹیبل ٹینس ، نیزہ بازی ، پنجہ آزمائی، دوڑ، رسہ کشی سمیت دیگر مقابلے ہوئے ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف سیکرٹری گلگت بلتستان تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں جنہیں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے میلے کی انعقاد پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کی حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کر خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔
گلگت بلتستان حکومت کے سرکاری اور نجی اداروں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس میلے کے انعقاد کو شرمندہ تعبیر کیا۔ میلے میں مختلف اداروں کی جانب سے سٹالز بھی لگائے گئے تھے جہاں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کی گئی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے خصوصی افراد نے پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔