اسلام آبادپاکستان

سی ڈی اے نے قبضہ مافیا کو نکیل ڈال دی

اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی)کی انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے بدھ کے روز اسلام آباد کے نواحی علاقے موضع کری میں واقع ڈھوک بلاغ اور ڈھوک پڑی موضع چک شہزاد میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لئے بھرپور آپریشن کیا جسمیں متعدد غیر قانونی تعمیرات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10 کنال سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کرالی گئی۔

 

تفصیلات کے مطابق ڈھوک بلاغ موضع کری میں سرکاری اراضی پر قبضے کی اطلاعات موصول ہونے پر سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ اس آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیر ہونے والے 15 کمرے، 01 ہال، 01 برآمدہ، 01پتھروں کی دیوار اور 2 DPC بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئی جسکے نتیجے میں 10 کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔ اسی طرح ڈھوک پڑی، موضع چک شہزاد میں سرکاری اراضی پر نئی تعمیر ہونیوالی 5 کمرے اور 01 برآمدہ بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دئیے۔

 

اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker