
لاہور(آئی پی ایس)پنجاب میں وزیر اعلی کی تبدیلی کی خبریں گرم ہونے کے بعد لاہور میں چوہدری پرویز الہی کے حق میں پوسٹر لگ گئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے بدلے اپوزیشن نے مسلم لیگ (ق)کے چوہدری پرویز الہی کو وزارت اعلی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ جس کی وجہ سے گزشتہ چند روز سے چوہدری پرویز الہی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
سیاسی مدو جزر کو دیکھتے ہوئے لاہور میں مسلم لیگ(ق)کے مرکزی دفتر کے باہر پرویز الہی کے حق میں پینا فلیکس آویزاں کردیئے گئے ہیں۔مسلم لیگ لاہور یوتھ ونگ کے صدر شیخ فیصل حیات کی جانب سے لگائے گئے پینا فلیکس میں مختلف تصاویر کے ساتھ نعرہ درج ہے کہ پنجاب کی مجبوری ہے، چوہدری پرویز الہی وزیر اعلی ضروری ہے، درج ہے۔دوسری جانب لاہور ہی میں (ق)لیگ کی جانب سے ایک ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں مسلم لیگ (ق)کے مقامی عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا وزیراعلی کیساہو ، پرویز الہی جیسا ہوکے نعرے لگا رہے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری پرویز الہی نے بھی نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر انہیں پنجاب کی وزارت اعلی دی جائے تو تحریک انصاف کے دور میں خراب ہوئے معاملات کو ٹھیک کردیں گے۔