کراچی (آئی پی ایس )معروف اداکارہ کبریٰ خان نے گانوں میں عورت کی صرف ظاہری خوبصورتی کو بیان کیے جانے پر سوال اٹھایا ہے۔اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔کبریٰ خان نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ہمارے پاس جتنے بھی بہترین گانے ہیں وہ عورت کی قاتلانہ آنکھیں، جسم جیسے آجنتا کی مورت، زلفیں اور خوشبو پر بات کرتے ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ہم عورت کی اندرونی خوبصورتی کے بارے میں بات کیوں نہیں کرتے جیسے کہ کوئی کتنا مہربان ہے یا کوئی کتنے اچھے دل کا مالک ہے یا پھر کسی کا کردار کتنا متاثر کن ہے۔بعد ازاں اداکارہ نے اپنے بیان کی وضاحت کی کہ مجھے غلط نہ لیں میں بھی ہر دوسرے شخص کی طرح ان گانوں کی شوقین ہوں لیکن میں اندرونی خوبصورتی سے متعلق سوچ کا شکار ہوں۔ اداکارہ نے مزید لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ میں سے بہت سے لوگ میری طرح اس بات کو پسند کریں گے کہ آپ کے لیے کوئی یہ بات کہے یار خوبصورت تو ہے لیکن انسان کمال یا دل کمال ہے۔