اہم خبریںپاکستان

اپوزیشن کا عدم اعتماد پر بلاروک ٹوک ووٹنگ کیلئے عدالت جانیکا فیصلہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کی پرامن اور بلا روک ٹوک ووٹنگ کے لیے عدالت میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، جو کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس حوالے سے درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری رہنما احسن اقبال ، جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور غفور حیدری اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد میں ووٹنگ سے روک کر آئینی ذمہ داری نبھانے سے نہ روکا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ اپوزیشن اس حوالے سے پٹیشن کل تک فائل کرے گی۔
جمیعت علما اسلام کے رہنما عبد الغفور حیدری نے کہا کہ حکومت نے ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس سے اپوزیشن نے بھی تلوار نیام سے نکال لی ہے جو کو اب بغیر نتیجے کے واپس نیام میں رکھنا مشکل ہوگا، انشا اللہ سیاسی طور پر حکومت کو ایسی تاریخی شکست دیں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، حکمرانوں نے بوکھلاہٹ میں آکر پارلیمنٹ لاجز میں دھاوا بولا، وہاں خواتین اراکین اسمبلی تھیں انہیں بھی زد وکوب کیا گیا۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بات چیت کا دروازہ کبھی بند نہیں کیا، مسئلہ ہم نے تو پیدا ہی نہیں کیا، عمران خان اور عمرانی ٹولہ مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے کہ ہم عدم اعتماد والے روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپنے اراکین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے اور نہ انہیں شرکت کی اجازت ہوگی۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسی طرح وہ 27 مارچ کو ایک پروگرام کرنا چاہتے ہیں، جس سے وہ ایم این ایز کو خوف زدہ کریں گے، یہ تو کھلم کھلا ریاست کے اندر ریاست ہے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا جارہا ہے۔
اپوزیشن اتحاد کی جانب سے دائر پٹیشن میں جے یو آئی سے مولانا عبدالغفور حیدری، مسلم لیگ ن سے احسن اقبال اور پیپلز پارٹی سے فرحت اللہ بابر درخواست گزار ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker