
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان اور او آئی سی کی اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منظور کرلی ہے وزیراعظم عمران خان نے امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کے لیے قرارداد پیش کی گئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے اسلاموفوبیا کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں آوازاٹھائی
، نائن الیون کے بعد مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات بڑھے، مذہبی آزادی ہرشخص کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ملکوں میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اسلاموفوبیا کوہوا دی جاتی ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف آگاہی اور تدارک کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، اس سے مسلمانوں کے خلاف تشدد اورمنافرت بڑھتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں اسلامو فوبیا کے خلاف تاریخی قرارداد کی منظوری کو پاکستان کی آواز قرار دیتے ہوئے اس کامیابی پر امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ میں آج امت مسلمہ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کیونکہ اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہماری آواز کو عالمی سطح پر سناگیا اوراقوام متحدہ نے او آئی سی کی پیش کردہ اس تاریخی قرارداد کو منظور کیا جو پاکستان کی طرف سے متعارف کرائی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ آج اقوام متحدہ نے بالآخر دنیا کو درپیش سنگین چیلنج کو تسلیم کر لیا ہے، قرارداد میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا، مذہبی علامات کا احترام، مسلمانوں کے خلاف منظم نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی سلوک سنگین چیلنجز ہیں، دنیا کے لیے اگلا چیلنج اس تاریخی قرارداد پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔