اہم خبریںپاکستان

ترین گروپ اور ن لیگ میں مائنس بزدار پر اتفاق، مشترکہ اعلامیہ

لاہور(آئی پی ایس) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی ترین گروپ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں ترین گروپ کی جانب سے کہا گیا کہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لئے تیار ہیں، مائنس عثمان بزدار پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
لاہور میں ن لیگی رہنما حمزہ شہباز جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچے جہاں پر ترین گروپ سے ان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ نے مسلم لیگ ن سے ہاتھ ملا لیا۔
ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق ترین گروپ نے مطالبہ کیا کہ ہمیں آئندہ ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے، ملاقات کی تفصیل سے جہانگیر ترین کو آگاہ کریں گے، وہ جو فیصلہ کریں گے ہمیں منظور ہو گا۔
حمزہ شہباز سے ملاقات میں ترین گروپ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائنس بزدار پر ہم آپ کے ساتھ ہیں، تعاون طویل المدت ہونا چاہیے، عوامی مسائل کے باعث حکومتی ارکان کا حلقوں میں جانا مشکل ہے۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آپ کے جذبات قیادت کے سامنے رکھیں گے، صوبے کے حوالے سے سب سے مل کر بہتر فیصلے کریں گے۔
حمزہ شہباز اور جہانگیر ترین گروپ کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی اپنے وفد کے ہمراہ جہانگیر خان ترین کی رہائش گاہ پر پہنچے، وفد میں سردار اویس لغاری، عطاء اللہ تارڑ، خواجہ سلمان رفیق اور ذیشان رفیق شامل تھے۔
اعلامیہ کے مطابق حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کی صحت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا، ملاقات میں موجود سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیاسی صورتحال پر باہمی مشاورت کی گئی جبکہ ترین گروپ کے اراکین نے صوبے کے معاملات پر مایوسی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی کرپشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker