
اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ 27 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جارہی ہے، وہ لوگ جو ایک دوسرے کو گھسیٹنے اور پیٹ پھاڑنے کی باتیں کرتے تھے آج اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے اکٹھے ہیں، اپوزیشن لیڈرز اپنے بچوں کی دولت کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شام پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں معاونِ خصوصی وزیراعظم پاکستان و ریجنل صدر پی ٹی آئی اسلام آباد علی نواز اعوان کے ہمراہ ریجنل ایڈوائزری کونسل پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے اجلاس کی صدارت اور بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 مارچ کے جلسے کے لیے راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنان کو بھرپور سیاسی سرگرمیوں سے متحرک کیا جائے گا اور جلسے کے دن تک جڑواں شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور کیمپس لگائے جائیں گے
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر کیانی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے 27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کیا ہے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا انہوں نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ہم نے ایک آزاد قوم کی طرح اپنا مستقبل طے کرنا ہے اور اس کا اندازہ 27 مارچ کے جلسے سے بخوبی ہو جائے گا
انہوں نے کہا کہ ہماری خود دار قوم کسی کو بادشاہ تسلیم نہیں کرتی ہم آزاد قوم ہیں اور ہمارے فیصلے آزادانہ مشاورت سے ہوتے ہیں، 27 مارچ کے جلسے کے حوالے سے انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ جلسے کی میزبانی راولپنڈی اور اسلام آباد کے ذمہ ہوگی جبکہ کل سے پورے ملک میں تمام اضلاع کے ذمہ داران جلسے کی بھرپور تیاریاں شروع کر دیں گے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عامر کیانی نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کا مفاد ایک ہے اس لیے ان کو ایک ہی سمجھا جائے اپوزیشن جماعتوں کے بڑوں کے پیسے باہر کے بینکوں میں اور بچے پارلیمنٹ میں آ گئے یہ چاہتے ہیں کہ قوم ہم سے نکلے تو ان کی اولادوں کی غلامی کرے یہ سارے لوگ اولاد اور مفاد کی جنگ لڑ رہے ہیں ،ان کی ڈوریاں بیرونی قوتوں کے ہاتھ میں ہیں کسی جتھے کو قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے کی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ 26 سال سے اپنے قائد کو دیکھتا آیا ہوں، آج وہ پہلے سے زیادہ پرعزم اور پرجوش ہیں، ہمارا اتحادیوں سے مسلسل رابطہ ہے چاہتے ہیں اتحادی فیصلہ کریں کہ پاکستان کو کون آگے لے کر جاسکتا ہے، علیم خان اور جہانگیر ترین جماعت کے ساتھ ہیں کوشش ہے کہ اراکین کے تحفظات دور کریں قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئین کی رو کے مطابق اجلاس بلوایا جائے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے جلسوں میں شرکا کی تعداد قوم جانتی ہے
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے معاونِ خصوصی وزیراعظم پاکستان و ریجنل صدر پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان نے کہا کہ 27 مارچ تک تک آپ کو اسلام آباد میں سرگرمیاں دکھائی دیں گی کیمپس لگائے جائیں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی وفاقی دارالحکومت کو ایک عظیم اجتماع کیلئے تیار کریں گے, انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ آزاد قوم کیسے فیصلے کرتی ہے، عمران خان امت مسلمہ کی قیادت کرنے جارہے ہیں، یہ عمران خان کے دلیرانہ فیصلوں کا نتیجہ ہے کہ آج سعودی عرب کا ولی عہد جو بائیڈن کی کال سننے سے انکار کرنے کی جرات کرتا ہے
اپوزیشن کے ہتھکنڈوں پر بات کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ تھری سٹوجز کو لوگ جانتے ہیں اور انکے اتحاد کے عوامل سے بھی واقف ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں جیسا جلسہ کوئی سیاسی جماعت نہیں کر سکتی پی ٹی آئی سے بڑا دھرنا کوئی نہیں دے سکتا ابھی ہم نے فیصلہ نہیں کیا کہ جلسے کے بعد کارکنان رکیں گے یا واپس چلے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے دعوے کیے کہ سندھ سے مارچ لے کر اسلام آباد آ رہے ہیں لیکن وہ تو ایک چھوٹی سی مارچی تھی یہ ساری جماعتیں مل کر بھی ڈی چوک نہیں بھر سکتیں انہوں نے کہا کہ سینما میں چھپنے سے کانپیں ٹانگنا ختم نہیں ہونگی بلکہ میدان میں سامنا کرنا ہوگا، عورت کی حکمرانی کو ناجائز سمجھنے والا، ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے ایک ہوگئے، اس موقع پر سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر سیمی ایزدی اور ریجنل ایڈوائزری کونسل اسلام آباد کے ارکان بھی موجود تھے۔