اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل و وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں انسانوں کے سمندر کا خیر مقدم کریں گے،27 مارچ کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں تاریخ رقم کریں گے، اسدعمر نے کہا کہ عمران خان قوم کے اتحاد کی علامت، لٹیروں کیلئے خوف کا پیغام ہیں،
عوام کی بھرپور تائید اور اللہ کی نصرت سے عمران خان پاکستان کو ترقی و عروج کی راہ پر ڈال چکے ہیں، مفاد پرستوں کا ایک گروہ پاکستان کی ترقی کی راہ روک کر قوم کو پستی کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے، اسد عمر نے کہا کہ کسی کو ملک و قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے،
پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ داران ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماع کے انعقاد کی تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینٹرز اور مقامی ذمہ داران ملک گیر سطح پر عوام کو متحرک کریں، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی جلسے کے انتظامات کی نگرانی کریں گے، 27 مارچ کو عوام کے محبوب قائد قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔