لاہور(آئی پی ایس) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا ہے کہ قرضے لے کر ہم اپنا ملک نہیں چلا سکتے،آئی ایم ایف کا انتظار کرنے کی بجائے خود اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ایوان صنعت و تجارت لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف کا انتظار کرنے کی بجائے خود اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گورننس کے نظام کو بہتر بنانا ہے تاکہ اگلی نسلوں پر بوجھ نہ پڑے، ایف اے ٹی ایف کے عذاب سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، فیٹف کے عذاب کے باعث بہت سے سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا ہم پیسے تو کمائیں لیکن ٹیکس ادا نہ کریں، ٹیکس چوروں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، ہم قرض لیں اور ٹیکس ادا نہ کریں تو اس کا خمیازہ آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا، کوئی دوسرا ملک ہمارے ملک کے اخراجات اٹھانے کو تیار نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے جعلی شناختی کارڈز پر اربوں روپے کی ٹیکس چوری کی جس کا نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا، عدالتوں میں اس وقت ساڑھے تین کھرب روپے کے کیسز التوا کا شکار ہیں۔