
اسلام آباد (آئی پی ایس )او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔
اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا ، اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔
زارتِ خارجہ کی مختلف کمیٹیوں کے سربراہان نے وزیر خارجہ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے بعد، اڑتالیسویں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے،پاکستان، سفارتی حوالے سے ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے،وزیر خارجہ نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اجلاس کے انتظامات کو بطریق احسن مکمل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے۔