لاہور(آئی پی ایس)ملک میں سیاسی کشمکش عروج پر پہنچ گئی جبکہ سب کی نظریں (ق)لیگ پر لگ گئیں،چوہدری برادران حکومت یا اپوزیشن کس کے ساتھ جائیں گے آج حتمی فیصلہ متوقع ہے ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ق) تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دے گی یا اپوزیشن کا اس حوالے سے آج اہم بیٹھک ہورہی ہے اس بیٹھک میں تحریک عدم اعتماد اور دیگر معاملات پرتفصیلی غور وخوض کے بعد فیصلہ کیے جانے کا قوی امکان ہے ۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے فتح کے دعوے جاری ہیں، قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ق لیگ کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کے درمیان آج اہم ملاقات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک میں عالمی قوتیں ملوث ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے و اتحادی عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوامی رابطہ مہم عروج پر ہے، وزیر اعظم آج حافظ آباد پہنچیں گے جہاں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے کے دوران وزیراعظم ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔