حافظ آباد+ اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم عمران خان کل حافظ آباد میں پاور شو کریں گے ،پی ٹی آئی کے ٹائیگرز کو تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کل حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی جلسے سے خطاب کرینگے،عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں تحریک انصاف کا کل چوتھا جلسہ ہوگا،
تحریک انصاف اس سے پہلے منڈی بہائوالدین،میلسی اور لوئر دیر میں جلسے کرچکی ہے۔سینیٹر فیصل جاوید سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ حافظ آباد تیار ہو!سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عوام وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کررہے ہیں،اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد عمران خان پر اعتماد پلس میں بدل گئی۔ذرائع کے مطابق حافظ آباد اور آس پاس کے شہروں اور دیہی علاقوں میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو الرٹ کردیا گیا ہے اور پی ٹی آئی کے ٹائیگرز کو جلسے میں شرکت کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔