اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے ایسا نہ ہو کہ ایک سال کی بجائے دس سال انتظار کرنا پڑ جائے، ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا ہو گا کیونکہ اپوزیشن نے ہارنا ہے اور اسکے بعد بھی ہمیں تنگ کئے رکھنا ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کرے گا اور تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ناکامی ہو گی اور اپوزیشن اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے اسی تنخواہ پر کام کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 7 روز قبل پارلیمنٹ، پارلیمنٹ لاجز ایف سی اور رینجرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ امن و امان کا کوئی گلہ نہ رہے جبکہ حکومت 245 کے تحت فوج کو بھی طلب کر سکتی ہے لیکن نوبت ابھی یہاں تک نہیں پہنچی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انصار السلام، بیت السلام اور پرائیویٹ ملیشیا سمیت کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔