اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا فیصلہ کرلیا،وزیراعظم آج اور کل مختلف اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کرکے انہیں اعتماد میں لیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی 2 روز کے دوران ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں متوقع ہیں جس میں تحریک عدم اعتماد پر بات کی جائیگی۔
وزیراعظم آج اور کل اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کرینگے جس میں وہ اپوزیشن کے خلاف اپنی حکمت عملی کے متعلق آگاہ کریں گے۔ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم ارکان قومی اسمبلی سے تحریک عدم اعتماد پر بھی بات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے اور ساتھ ہی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن کی جمع کرادی گئی ہے۔ریکوزشن جمع کرانے کے بعد اسپیکر کے پاس اجلاس بلانے کے لئے 14 روز کا وقت ہوتا ہے جس میں عدم اعتماد کے حوالے سے اراکین کو اعتماد میں لیا جاتا ہے۔
تاہم اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اجلاس بلانے کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے جبکہ اسد قیصر کی وزرا اور حکومتی اراکین سے ملاقاتیں جاری ہیں ۔دوسری جانب وزیراعظم بھی اپنے اتحادیوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ عوام کو اعتماد میں لینے کے لئے جلسوں کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔